ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کے ایس ایس آئی ڈی سی سے صنعتوں کو سائٹس کی تقسیم جاری

کے ایس ایس آئی ڈی سی سے صنعتوں کو سائٹس کی تقسیم جاری

Sun, 14 Aug 2016 10:35:39    S.O. News Service

بنگلورو13؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)کرناٹکا اسمال اسکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اب تک ایک ہزار سے زیادہ صنعتی شیڈس مہیا کرائے ہیں۔ مزید پانچ ہزار صنعتی سائٹ مہیا کرانے کیلئے کے ایس ایس آئی ڈی سی نے منصوبہ بنایا ہے یہ بات آج کارپوریشن کے صدر کررپا نائیڈو نے کہی۔ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پچھلے 55 سال سے ریاست بھر میں 178 صنعتی زون قائم کئے گئے ، جن میں 6227 صنعتیں قائم ہوپائی ہیں۔ مزید صنعتوں میں اضافہ کیلئے پہل کرتے ہوئے کارپوریشن نے 8457 سائٹوں کی ترتیب دی ہے، جس کی وجہ سے صنعتی شعبے میں بے روزگاری کو ختم کیاجاسکتاہے۔ مسٹر گرپا نائیڈو نے بتایاکہ کارپوریشن کے 17 گوداموں کا استعمال کرتے ہوئے وہاں لوہے ، اینٹ اور سیمنٹ وغیرہ کے رکھنے کی سہولت مہیا کرائی جاچکی ہے۔ ان گوداموں کے ذریعہ لوہے ، سمینٹ اور دیگر اناج کی فراہمی ریاست بھرمیں کرانے میں کافی مدد ملے گی۔میسور صنعتی علاقوں میں سرگرم صنعت کاروں کیلئے جلد ہی ایک کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ گررپا نائیڈو نے بتایاکہ کارپوریشن کی طرف سے حال ہی میں جو روزگار میلہ منعقد کیا گیاتھا، اس میں 13700افراد نے حصہ لیا۔اور 303افراد کو بروقت ملازمت مل گئی۔ جبکہ 5640کو انٹرویو کیلئے منتخب کیا گیا۔ پچھلے تین سال کے دوران ریاست بھر میں صنعتی علاقے قائم کرنے کیلئے 317 ایکڑ زمین اکوائر کی گئی ہے۔ ان میں پانچ صنعتی زونس قائم کئے جائیں گے اور 1293صنعتوں کو سائٹس کی فراہمی کی جائے گی۔ 1210صنعتوں کیلئے سائٹوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے، جبکہ 84نے تعمیراتی کام شروع کردیا ہے، اور 121سائٹیں صنعتوں کو مہیا کرائی گئی ہیں۔ ریاست بھر میں کے ایس ایس آئی ڈی سی کی طرف سے جملہ 10 صنعتی زونس قائم ہیں مزید دس قائم کرنے کا منصوبہ زیر تکمیل ہے۔چترادرگہ کے الاتی کاول اور کداپور ،بنگلور کے چکے ہوسہلی ، متھو گدہلی ، شیموگہ کے ہیرے شکون، بلاری کے سنڈور میں صنعتی زونس پہلی بار قائم ہورہے ہیں۔جبکہ ٹمکور ضلع کے پاؤگڈھ میں صنعتی زونس کے دوسرے مرحلے کی زمین اکوائر کی جاچکی ہے۔دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے مستقبل کی صنعتوں کو زمینات مہیا کرانے کے مقصد سے بلاری کے کڑتنی ، گدگ کے بساپور، شیموگہ کے سدی پور ، داونگیرے کے سارتھی کربرا ہلی ، بلگام کے مانگور، اور بنگلور میں مادپنا ہلی علاقوں میں صنعتی زونس قائم کرنے کیلئے 493 ایکڑ زمین اکوائر کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کارپوریشن پچھلے تین سال سے منافع میں چل رہی ہے۔پہلی بار کارپوریشن کی طرف سے16؍ اگست کو کامیابیوں کا جشن منایا جارہاہے۔جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سدرامیا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کے ایس ایس آئی ڈی سی کی طرف سے فراہم کردہ 15ہزار صنعتی سائٹس میں 33 کے غلط استعمال کی شکایات ہیں ان کو روکنے کیلئے قدم اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقع پر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر محمد محسن ،جنرل منیجر پرشانت کمار، نائب چیرمین اے ایم پٹھان اور دیگر موجود تھے۔


Share: